بنگلورو،7؍جولائی (ایس او نیوز) سابق ریاستی وزیر اعلیٰ و اپوزیشن لیڈر سدرامیا نے کہاکہ ریاستی وزیراعلیٰ مرکزی حکومت کے سامنے زبان کھولنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ بسونگڈی حلقہ کے مدورمامندر کے سامنے وجئے کھیل کے میدان میں یوا کانگریس عہدیداروں کی جانب سے منعقد کووڈ متاثرین کے لئے راشن کٹ تقسیم پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے سدرامیا نے اس خیالکا اظہارکیا۔
انہوں نے کہاکہ ”ہمارا کتا ہماری گلی کا شیر“ کی مانند ایڈی یورپا صرف ریاست میں ہی بیانات جاری کرتے ہیں جب کہ مرکزی حکومت کے سامنے آواز اٹھانے کی ان میں ہمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ 15ویں مالیاتی کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ریاست کو بقیہ 5ہزار کروڑ روپیوں کے تعلق سے ایڈی یورپا کوئی آواز نہیں اٹھارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر وہ وزیراعلیٰ ہوتے تو رقم جاری کرنے کے مطالبہ میں مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن کے گھر کے سامنے دھرنا بیٹھتے لیکن ایڈی یورپا کو وزیراعلیٰ کی کرسی چھین جانے کا خوف ہے اس لئے کوئی بات نہیں کرتے۔ انہوں نے بنگلور ساؤتھ رکن پارلیمان تیجسوی سوریا کو بھی نشانہ بنایا۔
سدرامیا نے عوام سے گزارش کی کہ کسی بھی حالت میں کووڈ ویکسین لیں غفلت نہ برتیں کیونکہ جئے دیوا کے ڈاکٹر منجوناتھ سمیت ماہرین نے بتایاکہ کووڈ کی تیسری لہر کا اثر ہوگا۔